مکہ مکرمہ (احرار ) عمرہ ویزا کی توسیع کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت آگئی۔ عرب میڈیا کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ ویزہ کی مدت میں توسیع نہیں کی جاسکتی، عمرہ ویزے کی مدت 90 روزہوتی ہے، اس مدت کے دوران عمرہ ویزہ ہولڈر مملکت میں قیام کرنے کا اہل ہوتا ہے تاہم 90 روزہ عمرہ ویزے کی مدت میں مزید توسیع نہیں کرائی جاسکتی۔
وزارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پرمٹ کے حصول سے قبل اس بات کی یقین دہانی کی جائے کہ عمرہ زائرکورونا میں مبتلا نہ ہواورنہ ہی مکہ مکرمہ آنے سے قبل وہ مصدقہ کورونا میں مبتلا کسی شخص سے ملا ہو، اندرون مملکت سے عمرہ کے لیے آنے والوں کے پرمٹ کے لیے عمرکی کم ازکم حد 5 برس مقرر کی گئی ہے تاہم اس سے کم عمرکے بچے اپنے والدین کے ہمراہ بغیرپرمٹ کے مسجد الحرام آسکتے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ عمرہ ادائیگی کا ویزہ لینے کے لیے پانچ ممالک کے زائرین کے لیے فنگر پرنٹس ضروری ہیں، برطانیہ، تیونس، کویت، بنگلہ دیش اور ملائیشیا کے عمرہ زائرین کو الیکٹرانک عمرہ ویزا حاصل کرنے کے لیے اپنا بائیو میٹرک ڈیٹا فراہم کرنا ہوگا، جس میں "فنگر پرنٹس" بھی شامل ہیں، عمرہ ادائیگی کا ارادہ رکھنے والے شہریوں کو ویزہ کے حصول کے لیے بائیو میٹرک رجسٹریشن کروانے کے لیے سعودی ویزا بائیو ایپ استعمال کرنی ہوگی جو اللہ کا گھر دیکھنے کے خواہشمندوں کو سعودیہ کا سفر کرنے سے پہلے ویزہ کے حصول کے لیے فنگر پرنٹس اور سیلفی بائیو میٹرکس کے ذریعے رجسٹریشن کی اجازت دیتی ہے۔
اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ نئی ایپ گزشتہ سال کے آخر میں سعودی حکومت کی جانب سے موبائل ڈیوائسز کے ذریعے بائیو میٹرکس کے اندراج کی اجازت دینے کے وعدے کو پورا کرتی ہے تاکہ مکہ جانے والے زائرین ذاتی طور پر ویزہ مراکز کا دورہ کرنے کے پریشانی سے بچ کر سکیں اور گھر بیٹھے یہ امور سرانجام پاسکیں، یہ سہولت ویزہ کے اجراء کے لیے مملکت کو موبائل کے ذریعے بائیو میٹرکس قبول کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بنا دیتی ہے، اس کے علاوہ فروری 2022ء میں سعودی عرب نے ایک چپ کے ساتھ ایک الیکٹرانک پاسپورٹ بھی جاری کیا جو تصدیق کے مقاصد کے لیے صارف کے بائیو میٹرکس کو اسٹور کرتا ہے۔
0 Comments