وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے فیس بک پاکستانی صارفین کو خوشخبری سنا دی


 اسلام آباد (احرار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جو ان دنوں سنگا پور کے دورہ پر ہیں نے سنگاپور میں میٹا (فیس بک) ایشیا پیسیفک ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےاس موقع پر پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کی کامیابیوں اور وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔وزیر خارجہ نے میٹا اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فیس بک کے پاکستانی صارفین کے لئے میٹا کے آفس سے پیٖغام دیا ہے۔انہوں  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے سنگا پور سے مخاطب ہوں۔پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر میٹا استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد دو ارب ہے۔ہم چاہتے ہیں پاکستانی عوام بھی ان پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھائے۔

میں میٹا ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ وہ نہ صرف یہاں میری میزبانی کر رہے ہیں بلکہ پاکستان میں انوسٹ کر رہے ہیں،پاکستانی کو مواقع فراہم کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ اب نوجوان فیس بک پر سٹارز پروگرام کے تحت پیسے کما سکتے ہیں، اس فیچر سے پاکستانیوں کے معاشی حالات میں بہتری آئے گی۔
۔قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ طور پر اور آسیان کے تناظر میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

دنیا کو پاکستان کے بارے میں پر اپنی رائے کو بدلنے کی ضرورت ہے۔پی پی پی میڈیا سنٹر کے مطابق سنگاپور کے دورہ کے موقع پر کثیر الاشاعت اور موقر اخبار ”سٹریٹس ٹائمز“ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 220 ملین آبادی میں سے 114 ملین آبادی 25 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ پاکستان میں آن لائن تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے، 2021 میں پاکستانی ای کامرس مارکیٹ میں 45 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ سنگاپور اور پاکستان کے درمیان تجارت میں مل کر کام کرنے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ سنگاپور کی آزادی کے فوراً بعد پاکستان اسے تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا، بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کمیونٹی نے ابتدائی سالوں میں سنگاپور کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔